لکھنؤ، 5ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے دو نائب وزراء اعلی سمیت چار وزارتی ساتھیوں نے آج قانون ساز کونسل ضمنی انتخاب کے لیے نامزدگی داخل کر دیا۔نئے ریاستی صدر مہندر ناتھ پانڈے کے ساتھ قانوسازکونسل پہنچے وزیر اعلی یوگی، نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما، وزیر ٹرانسپورٹ سوتتردیو سنگھ اور وقف وزیرمحسن رضا نے نامزدگی کے آخری دن اپنا اپنا فارم داخل کیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق، 6ستمبر کو نامزدگی کاغذات کا جائزہ لے گا،نام واپسی کی آخری تاریخ 8ستمبر ہوگی جبکہ ووٹنگ 15ستمبر کو ہوگی اور اسی دن نتیجہ آجائے گا۔یوگی اور موریہ ایم پی ہیں جبکہ دنیش شرما، سوتتردیو سنگھ اور محسن رضا اس وقت کسی بھی ایوان کے رکن نہیں ہیں۔پچھلی 19مارچ کو ریاستی حکومت میں عہدیدار کا حلف لینے کے چھ ماہ کے اندر ان تمام کو صوبہ کے کسی اسمبلی ہاؤس کا رکن بننا ضروری ہے۔یوگی ریاست کے تیسرے وزیر اعلی ہیں جنہوں نے اپر ہاؤس کا راستہ لیا ہے۔اس سے پہلے مایاوتی اور اکھلیش یادو بھی وزیر اعلی بننے کے بعد قانون ساز کونسل کے رکن بنے۔ایوان بالا کی جن پانچ سیٹوں پر انتخاب ہو رہا ہے، ان میں سے چار ایس پی ارکان بکل نواب، یشونت سنگھ، سروجنی اگروال اور اشوک باجپئی اور ایک بی ایس پی رکن ٹھاکر جے ویر سنگھ کے استعفی کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔یہ سب استعفے دینے کے بعد بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔